وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمن کی تجویز پر ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیشنل کارگو ائیرپورٹ کی تعمیر کے لیے فوری کام شروع کرنے اور موجودہ ائیرپورٹ کو فنگشنل بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے یارک کے قریب سی پیک سے منسلک اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی منظوری دے دی ہے، جس کا وعدہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 2024 میں مولانا فضل الرحمن کی دعوت پر ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے دوران کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ائیرپورٹ کو جلد فعال بنایا جائے گا اور اسے پہاڑی نالوں کے سیلابی ریلوں سے بچانے کے لیے حفاظتی بند بھی بنایا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان زمینی اور سمندری راستوں سے بین الاقوامی تجارت سے منسلک ہو چکا ہے اور اب فضائی راستوں سے بھی عالمی تجارت سے جڑ کر ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔
یہ اقدام علاقے کی اقتصادی ترقی اور تجارتی رابطوں میں اضافہ کا باعث بنے گا۔
