خیبرپختونخوا میں 25 مارچ سے جاری بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 26 افراد جاں بحق جبکہ 77 زخمی ہو گئے ہیں، پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 18 بچے، 3 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 33 مرد، 9 خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 102 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 82 گھروں کو جزوی جبکہ 20 گھر مکمل طور پر منہدم ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ واقعات بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں: ڈومیل پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین تک فوری مدد پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے خاص طور پر بنوں کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم اپریل سے شروع ہونے والا بارشوں کا نیا سلسلہ 4 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں معلومات اور مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
