حکومتِ خیبرپختونخوا نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کے لیے “احساس فیول سپورٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق یہ اسکیم عمران خان کے وژن کے تحت اور وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر شروع کی جا رہی ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

 

اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کو ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ دی جائے گی، تاہم اس کے لیے گاڑی کا درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی پر حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام، ایمل ولی خان کی تنقید

 

حکام کے مطابق صرف وہی افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کی گاڑی کی رجسٹریشن مکمل اور درست ہوگی، جبکہ غیر رجسٹرڈ یا دوسرے کے نام پر موجود گاڑیاں اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گی۔

 

رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو “Dastak App” کے ذریعے آن لائن درخواست دینا ہوگی، جس میں ذاتی معلومات، گاڑی کی تفصیلات اور مطلوبہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔ درخواستوں کی تصدیق e-Sahulat کے ذریعے کی جائے گی جبکہ حتمی منظوری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس دے گا۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے یا نام کی منتقلی مکمل نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد کر دی جائے گی، جبکہ ٹرانسفر کی صورت میں خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی تصدیق ضروری ہوگی۔

 

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل 6 اپریل سے شروع ہوگا، جبکہ شہری مزید معلومات کے لیے دیے گئے ہیلپ لائن نمبرز091-9212260

 091-9211693 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔