خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مکان گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ضلع شانگلہ کی تحصیل الپورئی میں گزشتہ رات ایک کچے مکان کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 6 بچے ملبے تلے دب گئے۔
حادثے میں 6 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: افغان طالبان کے عملی اقدامات اعتماد کے قابل نہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ناظرہ، سمیرا، رضوان، نایاب، حیا نور اور عمیرہ بی بی شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔ حکام کے مطابق بچوں کے والد جہان بشر کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو چکا تھا، جبکہ جاں بحق افراد میں پانچ لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔
ادھر ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے صدہ میں ایک دو منزلہ کچا مکان منہدم ہوگیا، جس کے باعث گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 خواتین اور ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو ملبے سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ منتقل کر دیا۔
