پشاور کے علاقے ارمڑ پایاں سے ملنے والی مرد اور خاتون کی لاشوں کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔

 

 پولیس کے مطابق دونوں مقتولین میاں بیوی تھے جنہوں نے چند سال قبل پسند کی شادی کی تھی، جبکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں اسی تنازعے پر قتل کیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق اتوار کی شب ارمڑ پولیس اسٹیشن کی حدود ممتاز گڑھی کے علاقے سے ایک مرد اور ایک خاتون کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔ نامعلوم افراد دونوں کو قتل کرنے کے بعد لاشیں وہاں پھینک کر فرار ہوگئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: شانگلہ اور کرم میں مکان گرنے کے دو حادثات، 9 افراد جاں بحق

 

ارمڑ پولیس کا کہنا ہے کہ مرد مقتول کی شناخت ناہید ولد انعام اللہ، سکنہ شیرہ کیرہ کے نام سے ہوئی ہے، تاہم خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔ پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کے پاس کوئی موبائل فون بھی موجود نہیں تھا۔

 

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولین نے تقریباً تین سال قبل اہل خانہ سے چھپ کر پسند کی شادی کی تھی۔ خاتون کی شناخت کے لیے نادرا کی مدد حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر شواہد اور پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہو سکتا ہے۔ حکام کے مطابق اصل حقائق ورثا کی نشاندہی اور مزید تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔

 

پولیس نے بتایا کہ خبر فائل کیے جانے تک مقتول یا مقتولہ کے ورثا کی جانب سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔