سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں  7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 18 زخمی ہو گئے۔ 

 

ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق دھماکا کبل چوک میں پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب اس وقت ہوا جب وہاں مقامی نوجوان احتجاج کر رہے تھے۔

 

اسسٹنٹ کمشنر کبل کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق واقعے میں 7 اہلکار  شہید اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی  پی او سوات محمد عمر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔

 

ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق خودکش حملہ آور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے اسے گیٹ پر ہی روک لیا، جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

 

واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔