انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے 10 روزہ افغان نومولود بچے کو فوری علاج کی غرض سے اس کے والدین سمیت طورخم بارڈر کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی خصوصی اجازت دے دی۔

افغانستان کے شہر جلال آباد سے تعلق رکھنے والے نومولود کو پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے اور اسے ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: دس ماہ سے بند طورخم بارڈر، ضلع خیبر کے تاجروں نے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیا
ذرائع کے مطابق بچے کی ہنگامی طبی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا، تاکہ اسے بروقت اور مؤثر علاج فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے اس اقدام کو انسانی جان کے تحفظ اور ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
