خیبرپختونخوا میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 446 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ رواں سال اب تک متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 175 تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے باعث تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 2 ہزار 178 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 446 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: محمد رضوان کے خلاف این سی سی آئی اے کیس، یونس خان نے کیا مشورہ دیا؟
رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 8 ہزار 905 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ کوہاٹ میں رواں سال ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 313 تک پہنچ گئی ہے۔
پشاور میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 43 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ رواں سال اب تک شہر میں 324 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ بنوں میں 101 اور ہری پور میں 65 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کیسز کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، جبکہ مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے لاروا کی نشاندہی اور تلف کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
