پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کے لیبر روم سے نومولود بچے کے مبینہ اغوا کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مبینہ طور پر بچے کو لے جانے والی خاتون کی تلاش کی جا رہی ہے، تاہم تاحال بچے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک
شبقدر سے تعلق رکھنے والے بچے کے والد حشمت کے مطابق وہ اپنی اہلیہ کو علاج کے لیے ایل آر ایچ لائے تھے، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں اسپتال میں داخل کرلیا۔ بعد ازاں انہیں بتایا گیا کہ ان کے ہاں بچہ خیریت سے پیدا ہوا ہے، تاہم کچھ ہی دیر بعد اطلاع دی گئی کہ نومولود بچہ غائب ہوگیا ہے۔
حشمت کے مطابق بچے کی تلاش کے لیے انہوں نے پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، تاہم تاحال بچے کا پتا نہیں چل سکا۔
اس حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال ایم ٹی آئی پشاور کے ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ نومولود بچے کے مبینہ اغوا کے معاملے میں ہسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو فراہم کردی گئی ہے، جس کی مدد سے مبینہ طور پر بچے کو لے جانے والی خاتون کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ خاتون متاثرہ والدین کی رضامندی سے لیبر روم میں آتی جاتی رہی تھی، جبکہ والدین نے ہسپتال عملے کو بھی بتایا تھا کہ خاتون ان کے ساتھ ہے اور اسے آنے جانے دیا جائے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ خاندان نے تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کرائی، جبکہ پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
